سرینگر// شہر کے تاجروں نے لاک ڈائون سے ہورہے خسارے کے بارے میں لیفٹنٹ گورنر کے نام مکتوب روانہ کیا،جبکہ مشیر بصیر خان سے ملاقات کرکے انہیں مسائل سے آگاہ کیا۔ کورونا لہر کو روکنے کیلئے حکام کی جانب سے جاری لاک ڈائون سے شہر کے دکانداروں کو ہو رہے خسارے کے بارے میں لیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر خان کو آگاہ کرتے ہوئے جوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی سٹی سینٹر نے بتایا کہ دکانداروں کی مالی حالت بہت خستہ ہوچکی ہے۔اس دوران کارڈی نیشن کمیٹی نے لیفٹنٹ گورنر کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ 19 کی دوسری لہر کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے کشمیر کی تاجر برادری بری طرح متاثر ہے۔انہوں نے کہا ہے ’’ان آزمائشی اوقات میں ، ہم مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی سٹی سنٹر گزارش کرتے ہیں کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا تاجروں کیلئے بغیر کسی سود کے بینک سود اور ماہانہ اقساط 6ماہ تک موخرکئے جائے‘‘۔یاداشت میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن سے متاثر تاجر طبقے کو مالی اعانت فراہم کی جائے جبکہ جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس کی قانونی تاریخوں میں خصوصی توسیع ، ریٹرن فائل نہ کرنے پر سود اور جرمانے کی چھوٹ دی جائے۔ خط میں شہری تاجروں نے بجلی فیس اور صفائی کی فیس میں چھوٹ دینے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور پریس انکلیو میں پارکنگ کی تعمیر کو لاک ڈاؤن میں پائے تکمیل تک پہنچائے جبکہ شہر میں عبوری پارکنگ لاٹوں کی تشکیل دی جائے۔