یو این آئی
تائی پے// تائیوان کی وزارت دفاع نے بدھ کو کہا کہ چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے ) کے 19 طیارے اور پانچ جہاز جزیرے کی طرف آتے ہوئے دیکھے گئے ۔وزارت نے ٹویٹر پر کہا، ” 19 پی ایل اے (پیپلز لبریشن آرمی) کے طیارے اور 05 (پیپلز لبریشن آرمی نیوی) کے طیاروں کا تائیوان کے ارد گرد صبح 6 بجے پتہ چلا۔”وزارت نے کہا کہ تائیوان کی فوج نے صورتحال کی نگرانی کی اور اپنے ہوائی جہازوں، بحریہ کے جہازوں اور زمین پر مبنی میزائل سسٹم کو “ان سرگرمیوں کا جواب دینے ” کا کام سونپا۔خیال ر ہے کہ تائیوان 1949 سے سرزمین چین سے آزادانہ طور پر حکومت کر رہا ہے ۔ چین اس جزیرے کو اپنا صوبہ مانتا ہے جب کہ تائیوان کا کہنا ہے کہ یہ ایک خود مختار ادارہ ہے لیکن آزادی کا اعلان نہیں کرتا ہے ۔
چین تائیوان کے ساتھ کسی بھی سرکاری غیر ملکی رابطے کی مخالفت کرتا ہے اور جزیرے پر چینی خودمختاری کو غیرمتنازعہ مانتا ہے ۔تائیوان کے ارد گرد تازہ ترین اشتعال انگیزی اپریل میں اس وقت ہوئی جب تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے امریکی ایوان کے اسپیکر کیون میک کارتھی سے ملاقات کی۔
بیجنگ نے جزیرے کے نزدیک بڑے پیمانے پر تین روزہ فوجی مشقوں کا آغاز کرکے جواب دیا، جسے اس نے تائیوان کے علیحدگی پسندوں اور غیر ملکی طاقتوں کے لیے ‘انتباہ’ قرار دیا۔