راجہ ارشاد احمد
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کے روز خبردار کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بے روزگار نوجوانوں سے لے کر آمدنی کے بغیر رہ جانے والے خاندانوں تک متعدد بحرانوں سے دوچار ہے۔انہوں نے سکولوں کی بندش، بیک ڈور تقرریوں اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں انتظامی تبدیلیوں سمیت کئی معاملات اجاگر کئے۔ محبوبہ مفتی نے گاندربل میں پارٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج العلوم کی بندش اور اس سے قبل مدینہ العلوم میں ہونے والی کارروائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے علمائے کرام اور عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزدوری کو مشینوں سے بدلنے سے مقامی کام پر انحصار کرنے والے خاندان اپنی روزی روٹی کھو چکے ہیں۔ “اس کے نتیجے میں آمدنی کا مکمل نقصان ہوا ہے‘‘۔بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے پی ڈی پی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ نوکریاں بیک ڈور چینلز کے ذریعے دی جارہی ہیں، رشتہ داروں اور بااثر افراد کو ترجیح دی جاتی ہے جب کہ دیگر کو اس سے باہر رکھا جاتا ہے، نوجوانوں کو مطلوبہ اہلیت کے باوجود نوکریاں نہیں مل رہی ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ نے محکمہ ریونیو میں تبدیلیوں کے بارے میں بھی بات کی، یہ کہتے ہوئے کہ اردو پہلے سرکاری کام کا حصہ تھی، لیکن حالیہ معاملہ نے لوگوں میں الجھن پیدا کر دی ہے۔انہوں نے شفاف بھرتی کو یقینی بنانے، مقامی معاش کے تحفظ اور عوامی خدشات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا۔