بی جے پی کی کشتواڑ میں تنظیمی، سیاسی مسائل پر میٹنگ

کشتواڑ//بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول نے کشتواڑ میں بوتھوں سے لے کر ضلع سطح تک بی جے پی کارکنوں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی، جس میں پارٹی کی سرگرمیوں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے عوام نواز اقدامات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اشوک کول نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایک ایسی پارٹی بن گئی ہے جس کے جموں و کشمیر کے تمام خطوں کے ہر علاقے میں اس کے حمایتی اور ممبران ہیں۔ زیادہ سے زیادہ لوگ بی جے پی سے وابستہ ہو رہے ہیں کیونکہ وہ مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں سے قائل ہیں۔ عوام بھی علاقے میں بی جے پی کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہیں۔کول نے بی جے پی کی مقامی قیادت اور پارٹی کارکنوں کی زمینی سطح پر ستائش کی کہ وہ عام لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو یقین دلایا کہ ان میں سے ہر ایک پارٹی کا اہم حصہ ہے اور اسے مناسب عزت و تکریم ملے گی۔ انہوں نے گزشتہ مہینوں کے دوران سیاسی اور تنظیمی سرگرمیوں کے بارے میں بوتھ سطح کی رپورٹنگ بھی طلب کی۔ انہوں نے مستقبل کے پروگراموں پر بھی بات کی جو مختلف سطحوں پر لوگوں کے قریب جانے کے لیے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے نچلی سطح کے کارکنوں کے ساتھ باقاعدہ ملاقاتوں اور بات چیت کی اہمیت پر بھی بات کی۔منیش شرما نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ بوتھ کی سطح پر لوگوں تک پہنچیں اور انہیں ترقیاتی پروجیکٹوں اور فلاحی اسکیموں کے بارے میں آگاہ کریں اور غریبوں اور کمزور طبقات کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے شروع کی گئی اس طرح کی اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے میں ان کی مدد کریں۔پردیپ پریہار نے پارٹی کارکنوں کی رہنمائی کے لیے سینئر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پارٹی کارکن عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔