یواین آئی
حیدرآباد// مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سنگین الزامات لگاتے ہوئے دعوی کیا کہ تلنگانہ کی حکمراں جماعت بی آر ایس اور کانگریس میں خفیہ مفاہمت ہے، اپنے مفادات کے لئے کانگریس پارٹی باہمی تعاون چاہتی ہے۔ انہوں نے مکتھل میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس بی آر ایس کی حمایت کرتے ہوئے چندرشیکھرراو کو وزیراعلی بنائے گی، اس کے بدلے بی آر ایس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی حمایت کرتے ہوئے راہل گاندھی کو وزیراعظم بننے میں مدد کرے گی۔ کانگریس کو جانے والے ہر ووٹ سے بی آر ایس کو فائدہ ہوگا۔ کے سی آر کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے عوام کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دیں۔ آپ کا ووٹ نہ صرف رکن اسمبلی کو منتخب کرے گا بلکہ تلنگانہ کے مستقبل کو بھی شکل دے گا۔ انہوں نے گذشتہ 10 برس کے دوران رشوت خوری کے الزامات کی تفصیلات پیش کیں اور وزیراعلی کی جانب سے کئے گئے ان وعدوں کی عدم تکمیل پر بھی سوال اٹھایا جن کے بارے میں کافی تشہیر کی گئی تھی۔