عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سیکریٹری (تنظیم)اشوک کول نے جنرل سیکریٹری انور خان کے ہمراہ پارٹی دفتر جواہر نگر میں ایس ٹی مورچہ اور اقلیتی مورچہ کے عہدیداران اور ضلع صدور کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کی۔ اجلاسوں کا مقصد تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لینا، مورچہ سطح پر ہم آہنگی کو مضبوط کرنا اور آئندہ سیاسی و سماجی چیلنجز کے لیے پارٹی کارکنان کو تیار کرنا تھا۔اس موقع پر بی جے پی کے سیکریٹری مدثر وانی، میڈیا انچارج کشمیر ساجد یوسف شاہ، آل سیلز کے کو کنوینر بلال پرے اور دیگر سینئر رہنما و مورچہ عہدیداران موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشوک کول نے کہا کہ مورچے سماج کے مختلف طبقات کی شمولیت اور سماجی بااختیاری کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایس ٹی اور اقلیتی مورچہ کو زمینی سطح پر عوامی مسائل کو سمجھتے ہوئے پارٹی اور عوام کے درمیان فاصلے کو کم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کا نظریہ مسلسل عوامی رابطہ، مسائل پر مبنی جدوجہد اور تعمیری مکالمے کے ذریعے نظر آنا چاہئے۔انور خان نے کہا کہ مورچہ سطح پر نظم و ضبط اور فعال قیادت پارٹی کی طویل مدتی مضبوطی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے عوامی رابطہ، عہدیداران کی صلاحیت سازی اور جموں و کشمیر میں امن و ترقی کے لیے بی جے پی کی کوششوں کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔