جموں/ بین الاقوامی یوگا دِن کا چوتھا ایڈیشن جموں میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔تقریب کا انعقاد آیوش محکمہ نے حکو سٹیڈیم جموں میں کیا تھا جہاں یوگا کے ماہرین ، نوجوانوں ، طلاب اور بزرگوں نے انتہائی شوق سے شرکت کی ۔وزیر اعظم کے دفتر میںمرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ پارلیمنٹ ممبر جگل کشور شرما ،ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت کمار شرما ، ڈپٹی کمشنر جموں راجیو رنجن اے ڈی سی ارون منہاس نے بین الاقوامی یوگا دِن پر تقریب میں حصہ لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرجتندر سنگھ نے کہاکہ یوگا کو تمام امراض کے بہتر علاج و معالجہ کے لئے عالمی سطح پر منظوری حاصل ہوئی ہے اور اگر اس طرز علاج کو باقاعدگی کے ساتھ اپنایا جائے تو ایک انسان کی ذہنی کوفت کے علاوہ اس کا جسم ، دماغ اور دل کا سکون حاصل ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی یوگا دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں لوگوں کو یوگا کے فوائد سے روشناس کرنا ہے ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنا کر اپنی صحت و تندرستی یقینی بنائیں۔