سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/حکومت نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ ضلع بڈگام کے بیروہ حلقے میں فروٹ منڈی کے قیام کے لیے زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق باضابطہ انڈنٹ ریونیو حکام کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ رکنِ اسمبلی شفیع احمد وانی کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ ہردو وامینہ، بیروہ میں مجوزہ فروٹ منڈی کے قیام کے لیے 72 کنال اور 16 مرلہ کہچرائی اراضی کی منتقلی کے لیے بڈگام کے ریونیو حکام کو باضابطہ انڈنٹ جمع کرایا گیا ہے۔حکومت کے مطابق انڈنٹ نمبر DHPM/MAC/201/2025-26/2860 بتاریخ 31 اکتوبر 2025 کے تحت ارسال کیا گیا ہے، جبکہ مجوزہ مقام ہردو وامینہ سے تقریباً نو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔بیروہ میں قیمتی باغبانی اراضی کے استعمال سے متعلق ایک علیحدہ سوال کے جواب میں حکومت نے ایوان کو بتایا کہ ماضی میں 45 کنال اور 15 مرلہ اراضی پر اخروٹ پروسیسنگ پلانٹ قائم کیا گیا تھا۔حکومت نے واضح کیا کہ یہ پلانٹ 1990 کی دہائی کے دوران بدامنی میں تباہ ہو گیا تھا اور فی الحال اس مقام کی از سر نو ترقی یا دوبارہ استعمال سے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔