محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے حلقہ پنچایت بیدار وارڈ نمبر 6 میں حکومت کی جانب سے حال ہی میں تعمیر کیا گیا عوامی بیت الخلا افتتاح کے چند ہی دنوں بعد خستہ حالی کا شکار ہو گیا، جس کے بعد مقامی آبادی میں شدید ناراضگی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عوامی سہولیات کی فراہمی کے نام پر تعمیر کی گئی اس عمارت میں ناقص مٹیریل کے استعمال کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ بیت الخلا جدید طرزِ تعمیر کے تحت تعمیر کیا گیا تھا، تاہم تعمیراتی کام میں معیاری سامان استعمال نہ کیے جانے کے باعث چند ہی دنوں میں ٹائلیں اکھڑنا شروع ہو گئیں اور عمارت کے مختلف حصوں میں دراڑیں نمایاں ہونے لگیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری فنڈز سے انجام دیے جانے والے ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو نظر انداز کرنا ایک معمول بنتا جا رہا ہے، جس کا خمیازہ عام عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ ٹھیکیدار نے کم نرخ پر ٹینڈر حاصل کرنے کے بعد یہ منصوبہ کسی دوسرے شخص کے سپرد کر دیا، جس کے نتیجے میں تعمیراتی معیار بری طرح متاثر ہوا۔ ان کے مطابق سب کنٹریکٹ کے اس غیر ذمہ دارانہ عمل نے منصوبے کی افادیت اور پائیداری دونوں کو نقصان پہنچایا۔شہریوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختص منصوبے اگر اسی طرح ناقص انداز میں مکمل کیے جاتے رہے تو نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچے گا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بری طرح مجروح ہوگا۔مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ، دیہی ترقیاتی محکمہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے، ناقص تعمیرات کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور عوامی مفاد کے پیش نظر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔