جموں// پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو اموات اور تباہی سے بچانے اور بلاتاخیر ان کے اعتماد کی بحالی کے لئے فوری طورپر مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندستان کی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے کیونکہ دہلی کے حکمرانوں نے جموں وکشمیر میں پورا سیاسی نظام مسمار کردیا ہے اور بیورو کریسی کی آمریت قائم کرنا جاری رکھے ہوئے ہے، جس سے جموں وکشمیر میں سیاسی اورجمہوری نظام کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت کی ضرورت ہے کہ جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں کو کم از کم تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو، جن کی قیادت کو یا تو جیلوں میں یا پھر ان کے گھروں میں نظربند کیا گیاہے ، لوگوں سے زمینی سطح پر با ت چیت کرنے کیلئے رہا کیا جائے۔ اس وقت کورونا کی دہشت نے بدقسمت لوگوں کے لئے آگ پر تیل کا کام کیا ہے۔ جموں وکشمیر کے ہزاروں لڑکے (مزدور اور طلبا) ملک کے مختلف حصوں گجرات، مہاراشٹر، اترپردیش ، راجستھان ، مدھیہ پردیش، دہلی، ہماچل پردیش اور دیگر ریاستوں میں درماندہ ہیں اور انہیں محفوظ گھر واپسی کے لئے کوئی ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں کرایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ وہ وقت ہے جب صدر جمہوریہ کو جموں وکشمیر میں صدر راج کے اصولوںکو مسترد کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں سرگرم تمام تسلیم شدہ قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دینی چاہئے۔جموں وکشمیر کے لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کا یہی واحد طریقہ ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ لاک ڈاون کے خاتمہ کے فوراًً بعد پارٹی قومی ، جمہوری، سیکولر اور سوشلسٹ جماعتوں کی ایک قومی میٹنگ کا اہتمام کرے گی۔