مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھیرہ علاقہ میں محکمہ مال او ر پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مبینہ طورپر سرکاری اراضی پر کئے جارہے غیر قانونی قبضہ کو ہٹانے کیلئے ایک کارروائی عمل میں لائی تاہم متاثرین نے مینڈھر سلواہ سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت بند کر کے انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔تحصیلدار مینڈھر کی قیادت میں کی گئی کارروائی کے دوران نائب تحصیلدار مینڈھر ،ایس ایچ او اور پولیس کی نفری بھی موقعہ پر موجود تھی ۔انتظامیہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران سرکاری اراضی پر غیر قانونی طریقہ سے تعمیر کی جارہی دکانیں ہٹائی گئی ہیں ۔تحصیلدار نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اراضی کی نشاندہی کی گئی جبکہ سرکاری زمین پر کئے جارہے قبضہ کو موقعہ سے ہٹا دیا گیا ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ سے گریز کیا جائے ۔دوسری جانب اس کارروائی میں متاثر ہوئے افراد نے مینڈھر سلواہ سڑک کو گاڑیوں کی آمدو رفت کیلئے بند کرتے ہوئے تحصیل اور ضلع انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ گزشتہ کئی عرصہ سے مذکورہ مقام پر تعمیر اتی عمل میں مصروف تھے تاہم لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی متعلقہ محکمہ کی جانب سے ان کو کوئی نوٹس ہی نہیں دیا گیا جبکہ اچانک تعمیر ات روکنے کا حکم دینے کیساتھ ہی ان کی تعمیرات کو ہٹاکر لاکھوں روپے کا نقصان کر دیا گیا ہے ۔تحصیلدار مینڈھر نے مظاہرین کویقین دلایا کہ اگر متعلقہ ملازمین کی جانب سے ان کو نوٹس نہیں دیا گیا تو اس سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔