جاوید اقبال
منجا کوٹ // راجوری ضلع کے علاقہ بھٹیاں میں سڑک پر جاری بی ایس این ایل کیبل بچھانے کے کام کے دوران سڑک کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد مقامی لوگوں میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو سڑک مکمل طور پر تباہ ہو سکتی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق، اس نوعیت کے کام کو اصولی طور پر دستی طریقے سے انجام دیا جانا چاہیے، تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے موقع پر بھاری مشینری، خاص طور پر جے سی بی (JCB) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کے مطابق اس غیر محتاط طریقہ کار کے باعث سڑک کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک کو حال ہی میں بڑی مشکل سے بلیک ٹاپ کیا گیا تھا، لیکن اب غیر ذمہ دارانہ انداز میں جاری کام کی وجہ سے اسے دوبارہ نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس سے عوامی وسائل کا ضیاع بھی ہو رہا ہے۔
مقامی عوام نے بی ایس این ایل کے اس کام پر سوال اٹھاتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ضلع مجسٹریٹ راجوری، ایکس ای این تھنہ منڈی اور چیف پی ڈبلیو ڈی راجوری سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری جانچ کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کام قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیا جائے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ماضی میں بھی فائبر کیبل کو نقصان پہنچنے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور کئی مواقع پر مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو نہ صرف سڑک مکمل طور پر خستہ حال ہو جائے گی بلکہ عوام کو آمد و رفت میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔