اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل کے بھٹیاس جکیاس سڑک پر پیش آئے ایک المناک حادثے میں محکمہ مال کے ایک پٹواری کی موت ہوگئی جبکہ ایک اور شخص شدید زخمی ہوگیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی دوپہر تقریباً دو بجے ایک ایکو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK06B-1661اخیار پور سے بھٹیاس کی جانب جارہی تھی کہ بھٹیاس بازار کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے. حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں اور پولیس کی ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا۔ہسپتال میں ڈاکٹروں نے دھرمنتر سنگھ (45) ولد دیا کرشن، ساکن بھرتی کو مردہ قرار دیا۔آنجہانی محکمہ مال میں بطور پٹواری خدمات انجام دے رہے تھے اور اپنی شرافت، ملنساری اور خوش اخلاقی کی وجہ سے عوام میں خاصی مقبولیت رکھتے تھے۔حادثے میں زخمی ہونے والے شبیر احمد (32) ولد غلام حسین، ساکن چنیاس کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج و معالجہ کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ادھر پٹواری دھرمنتر سنگھ کی اچانک وفات پر علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔