جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نیایک میٹنگ کے دوران جل شکتی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ مشیر نے جموںمیں پانی کی سپلائی کے نظام ، آبپاشی سیکٹر اور دیگر کاموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ کووِڈ۔19کے تناظر میں صارفین تک بلا خلل پانی پہنچانے کے لئے ہر ممکن اِقدامات کریں۔اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ صفائی ستھرائی کے تمام اصولوں کی پاسداری کریں اور کام کے دوران سماجی دُوری کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے اَفسروں سے کہا کہ وہ زمینی سطح پر مزید متحرک رول اد اکر کے ضرورت کی اِن گھڑیوں میں لوگوں کے مسائل کا ازالہ کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ گرمیوں کے موسم کے دوران لوگوں تک اِضافی پینے کا پانی پہنچانے کے لئے معقول اِنتظامات کئے جانے چاہئیں۔میٹنگ کے دوران کمشنر سیکرٹری جل شکتی محکمہ اجیت کمار ساہو نے کہا کہ صارفین تک بلا خلل پانی پہنچانے کے لئے ہر ممکن اِقدامات کئے جارہے ہیں۔ اِس دوران ایک پرزنٹیشن کے ذریعے مشیر کو محکمہ کی سرگرمیوں اور ہاتھ میں لئے جانے والے پروگراموں کے بارے میں تفصیل سے جانکاری فراہم کی گئی۔کمشنر سیکرٹری جل شکتی اے کے ساہو کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی اعلیٰ اَفسران بھی اِس موقعہ پرموجود تھے۔