جموں//سرکار ریاست کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات کو بہم رکھنے کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی ہدایت کے تحت مختلف علاقوں میں تعلیمی سہولیات کے منظر نامے کاجائزہ لیا جا رہا ہے۔اسی کڑی کے تحت آج سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے سرمائی راجدھانی جموں میں ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی میٹنگ طلب کی جس میں جموں ڈویژن کے بھدرواہ علاقے کے تعلیمی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔ سیکریٹری تعلیم نے بھدرواہ کے دور دراز علاقوں میں سکولوں کے بنیادی ڈھانچے ، تدریسی عملے کی فراہمی ، اساتذہ کی ٹریننگ ، SSAاور RMSA سکیموں کی عمل آوری اور دوسرے معاملات کے حوالے سے جانکاری حاصل کی۔اس موقعے پر سیکریٹری تعلیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کیں کہ بھدرواہ کے تعلیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے اور وہاںکے دور دراز سکولوں میںمکمل تدریسی عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے موقعے پر موجود ناظم تعلیم جموں رویندر سنگھ اور متعلقہ سی ای اوکو ہنگامی نوعیت کے اقدامات کئے جانے کی ہدایات جاری کیں۔ علاقے میں RMSAاور SSA سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے سیکریٹری تعلیم نے میٹنگ میں موجود ایس پی ڈی RMSAطفیل متو اور ایس پی ڈی SSA عبد الرشید وار سے تفصیلات طلب کیں۔ مذکورہ افسران کو سکیموں کی مکمل عمل آوری کے لئے مثبت اقدامات کئے جانے کی ہدایت دی گئی۔اس موقعے پر موجود MLA بھدرواہ دلیپ پریہار نے علاقے کے تعلیمی سیکٹر میں چند معاملات و مسائل کے حوالے سے میٹنگ کو آگاہ کیاجس کے تناظر میںسیکریٹری موصوف نے مسائل و مشکلات کے ازالے کے لئے متعلقہ افسران کو ہنگامی نوعیت کے اقدامات کئے جانے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقعے پرایڈیشنل سیکریٹری مسرت الاسلام ، ایڈیشنل سیکریٹری علی افسر خان، جوائنٹ ڈائریکٹر جموںچرن دیپ سنگھ اور جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ جاوید اقبال متو کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔