بھدرواہ //آفات سماوی کے دوران کم سے کم جانی و مالی نقصان کے لئے تحصیل انتظامیہ نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی آف انڈیاکے اشتراک سے بھدرواہ میں ’’ڈیزاسٹر منیجمنٹ‘‘ کے تحت ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا۔پروگرام کا اہتمام تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد کی قیادت میں کیندریہ ودیالیہ بھدرواہ میں کیا گیا ،جہاں پر اے ڈی سی بھدرواہ امام دین مہمان خصوصی تھے جبکہ بی ایم او بھدرواہ ڈاکٹر یدھ ویر سنگھ ،ایس ایچ او منیر خان اور پرنسپل کے وی بھدرواہ شیخ نوشاد احمد مہدی مہمان ذی وقار تھے۔پروگرام میں معزز شہریوں کے علاوہ محکمہ مال کے اہلکاروں ،فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ،پولیس اہلکاروں کے علاوہ کے وی کے سٹاف و طلاب نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں تما م محکموں کے ماہروں نے آفات سماوی پر روشنی ڈالی اور اپنے اپنے متعلقہ محکموں سے متعلق آلہ جات کی نمائش کی جن کا استعمال آفات سماوی کے دوران کم سے کم جانی و مالی نقصان کے لئے کیا جا سکتا ہے۔اے ڈی سی ڈوڈہ امام دین نے اپنے خطاب میں شرکا خصوصاً طلاب پر زور دیا کہ وہ آفات سماوی کے بعد کیمونٹی پر مبنی طریقہ کار کو عملائیں۔انہوں نے کہا کہ ا ٓفات سماوی زندگی کا ایک حصہ ہے لیکن احتیاطی تدابیر سے جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ایسے پروگرام دیہی علاقوں میں منعقد کرنے پر زور دیا اور ان علاقوں کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایسے بیداری پروگراموں میں شرکت کرنے پرزور دیا ۔پروگرام کا اہم مقصد لوگوں کو آفات سماوی کے دوران بحالی کے اقدام کی جانکاری دینا تھا ۔ بی ایم او یدھ ویر سنگھ نے اس موقعہ پر کسی بھی قسم کی آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے فسٹ ایڈ کی جانکاری دی۔پرنسپل کے وی بھدرواہ نے اپنے خطاب میں تحصیل انتظامیہ کا یہ پروگرام منعقد کرنے پر اظہار تشکُر کیا۔ پروگرام سے تحصیلدار بھدرواہ، ایس ایچ او بھدرواہ اور سب آفیسرفائر اینڈ ایرجنسی نے بھی خطاب کیا ۔پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں ونود کمار، ڈاکٹر رمیش کمار، پریہ کوتوال، منیش نویتیال، رام دیال و دیگران بھی شامل تھے۔