بھدرواہ //بھدرواہ میں روز بروز ٹریفک جام اور ٹریفک اضافہ کے پیش نظر اے ڈی سی بھدرواہ نے پیر کے روز ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے متعدد احکامات جاری کئے۔انہوں نے بھدرواہ قصبہ کو ’’نو پارکنگ زون ‘‘ قرار دیا ،تاکہ قصبہ کو روز بروز کے ٹریفک جام سے نجات دلائی جا سکے ۔انہوںنے یہ فیصلہ سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مقامی لوگوں کی عرضداشت پر لیا، جس میں ان لوگوں نے شکایت کی تھی کہ قصبہ میں غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام لگا رہتا ہے جسکی وجہ سے پیدل چلنے والے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اے ڈی سی نے سیری بازار اور پساری بس اسٹینڈ میں تمام کمرشل وہیکلز کے داخلہ پر پابندی لگائی اور انہیں نیو بس اسٹینڈ کوٹلی میں پارک کرنے کا فیصلہ لیا گیا،جبکہ قصبہ کی تمام سڑکوں کو نو پارکنگ زون کا اعلان کیا گیا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھدرواہ میں ایک اعلیٰ معیار کا بس اسٹینڈ کوٹلی میں واقع ہے جو کہ قصبہ سے فقط300 میٹر کی دوری پر واقع ہے ا ور جس میں 500سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔اگرچہ اس بس اسٹینڈ 7 سال قبل مکمل ہوا ہے تاہم اس کو ابھی تک استعمال میں نہیں لایا گیا ہے اور مشکل سے ہی کوئی گاڑی اس بس اسٹینڈ میں دیکھی جاتی ہے۔