بھدرواہ + راجوری//بھدرواہ اور راجوری میں پیش آئے الگ الگ سڑک حادثات میں 3افرادلقمہ اجل جبکہ 4دیگرزخمی ہوگئے ۔ بھدرواہ میں گذشتہ شام اس وقت پیش آیا جب ایک ماروتی کارزیرنمبر جو بھدرواہ سے اٹل گڑھ کی طرف جارہی تھی، بھدرواہ ۔چنتاسڑک پر سنگھاسن پل کے قریب پہنچ کرسڑک سے لڑھک کرگہری کھائی میں جاگرگئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس اہلکاروہاں پہنچے اورزخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بھدرواہ پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے دومسافروں کومردہ قراردیا۔ بعدازاں ابتدائی علاج ومعالجہ کے بعددوزخمی افراد کوجموں میڈیکل کالج ریفرکیاگیا۔ حادثے میں جان بحق ہوئے افرادکی شناخت شاہدحسین (47) ولد مستانہ ساکن پاسری اڈہ ملازم پنجاب نیشنل بنک اوراحسان احمد (30) ولد عبدالقیوم ساکن دھرم پورہ بھدرواہ کے طورپرہوئی ہے اورزخمیوں میں وسیم راجہ (40) ولد عبدالغنی ساکن دھرم پورہ بھدرواہ اورمحمداقبال ساکن حویلی محلہ بھدرواہ شامل ہیں۔ادھر راجوری کے بڈھون گائوں میں ایک ٹپردیرشام حادثے کاشکارہواجس میں ڈرائیور توصیف احمد ولد بشیراحمد ساکن بڈھون کی موقعہ پرہی موت واقع ہوگئی۔ ایک دیگر کار حادثہ جموں۔ راجوری ہائی وے پرتھالیاں گائوں کے قریب پیش آیا جس میں کرامت حسین اوراس کی بیٹی زخمی ہوگئی۔