راجوری //مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں جنگلات میں مسلسل تین دنوں کے محاصرے کے بعد بھی کامیابی نہ ملنے کی اصل وجہ تنگ راستے ،مشکل جغرافیائی صورتحال اور گھنے جنگلات ہیں جس کی وجہ سے اب سیکورٹی فورسز نے ہوائی نگرانی کا سہارہ بھی لیا ہے ۔فوج نے ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے سلسلہ میں بھاری ہتھیاروں و مشینری کا استعمال بھی کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ بھاٹہ دھوڑیاں اور طوطا گلی کے درمیانی جنگلات میں جمعرا ت سے فوج اور ملی ٹینٹوں کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تھا جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر دو فوجیوں کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی تھی لیکن گزشتہ روز دو مزید فوجیوں کی لاشیں بازیاب ہونے کی اطلاع ہیں جس کی وجہ سے انکاﺅنٹر میں ہلاک ہوئے فوجیوں کی تعداد چار ہو گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقہ پہاڑی اور گھنے جنگلات ہونے کی وجہ سے آپریشن میں رکاﺅٹیں پیدا ہو ئی ہیں تاہم صورتحال پر نظر رکھنے کےلئے ہوائی سروس کام پر لگائی گئی ہے ۔