جموں// پنتھرس پارٹی کے سرپرست پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اسلامی ممالک کی تنظیم نے ہندستان پر اس کے صدیوں پرانے تاریخی ، معاشرتی اور سیکولر پس منظر کو نظرانداز کرتے ہوئے اسلامو فوبیا کا الزام عائد کیا ہے۔ پنتھرس سربراہ نے کہاکہ اسلامی ممالک تنظیم کی قیادت ہندستان کے بہت قریب رہی ہے اور وہ ہندستان کے سیکولر کردار کو مضبوط تحریری آئین کے ساتھ سمجھتی ہے جو اس کے تمام شہریوں کو ان کی ذات ، نسل یا مذبب سے قطع نظر بنیادی حقوق مہیا کرتا ہے۔ بھیم سنگھ نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم کی قیادت کو سمجھنا چاہئے کہ یہ ہندستان ہی ہے جو اسلامی ممالک کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اس تنظیم میں خصوصی مدعو کی حیثیت سے حاضر رہا ہے۔اسلامی قیادت ہندستان کے بہت قریب رہی ہے اور جب بھی اسلامی ممالک خاص طورپر فلسطین کے تعلق سے مغربی دنیا کا سامنا کرنا ہو تو ہندستان او آئی سی کے ساتھ کھڑا تھا۔