سپلائی چین مضبوط بنانے اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر اتفاق
یو این آئی
نئی دہلی//ہندوستان اور کینیڈا نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل کے تین روزہ کینیڈا دورے کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کینیڈا کے وزیر تجارت منیندر سدھو اور پیوش گوئل نے اپنی ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی توثیق کی، تاکہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہو سکے۔بیان کے مطابق منیندر سدھو نے پیوش گوئل اور ان کے ہمراہ کینیڈا پہنچنے والے ہندوستانی تجارتی وفد کا خیرمقدم کیا اور صاف ستھری توانائی، اہم معدنیات، زرعی و غذائی شعبہ، جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ہنرمندی کے فروغ جیسے تکمیلی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر زور دیا۔مسٹر پیوش گوئل کے ساتھ آنے والے تجارتی وفد میں صنعت و تجارت کے شعبے سے وابستہ 100 سے زائد نمائندے شامل تھے، جو کسی بھی ملک کیلئے ہندوستان کی جانب سے بھیجا گیا اب تک کا سب سے بڑا کاروباری وفد تھا۔دونوں وزرا نے ایک جامع اور باہمی طور پر فائدہ مند جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور رواں سال کے اختتام تک مذاکرات مکمل کرنے کے مشترکہ ہدف کی توثیق کی۔
انہوں نے منڈیوں تک رسائی میں توسیع، سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مجوزہ سی ای پی اے کی اہمیت پر زور دیا۔قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک اس معاہدے پر مذاکرات کر رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ سال کے اختتام تک اس پر اتفاق ہو جائے گا۔دونوں وزرائے تجارت نے کینیڈا-ہندوستان تجارت و سرمایہ کاری فورم کا بھی آغاز کیا، جو کینیڈین اور ہندوستانی کاروباری رہنماں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر نئی تجارتی شراکت داریوں اور کاروباری روابط کو فروغ دے گا۔وزرا نے عوامی روابط، کاروباری نقل و حرکت اور براہ راست تجارتی رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا، جو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بنیادی عوامل سمجھے جاتے ہیں۔منیندر سدھو نے تصدیق کی کہ کینیڈا رواں سال کے آخر میں ہندوستان کیلئے ٹیم کینیڈا تجارتی مشن روانہ کرے گا۔کینیڈا اور ہندوستان نے ترجیحی شعبوں میں طویل مدتی اور معیاری سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، اختراع کاروں اور ادارہ جاتی شراکت داروں کے درمیان مزید گہرے تعاون کی حمایت پر بھی اتفاق کیا۔دونوں وزرا نے آنے والے مہینوں میں باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔پیوش گوئل کا تین روزہ کینیڈا دورہ گزشتہ روز مکمل ہوا۔ اس دوران انہوں نے کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، وزیر تجارت منیندر سدھو اور دیگر وزرا سے ملاقاتیں کیں، جبکہ کینیڈا کے سرکردہ سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی الگ الگ تبادلہ خیال کیا۔