بھارت کا دورۂ سری لنکا | ٹیم کوچ کے طور پر دراوڑ سے جڑیں گے دلیپ اور مہابرے

نئی دہلی/ ٹی دلیپ اورپارس مہابرے بالترتیب فیلڈنگ اور گیندبازی کوچ کی حیثیت سے ہندوستان کی اے کرکٹ ٹیم کے ساتھ سری لنکا دورے پر جائیں گے ۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے ) کے چیف اورسابق ہندوستانی کپتان راہل دراوڈ اس دورے پر ہندوستانی ٹیم کے ہیڈکوچ ہوں گے ۔ وہیں شکھردھون کو کپتانی سونپی گئی ہے ۔سمجھاجاتا ہے کہ دراوڈ اورمہابرے کوٹیم کے معاون اسٹاف میں مقررکئے جانے کی کافی زیادہ امید کی جارہی تھی، لیکن دلیپ کا اس میں شامل ہونا حیرت انگیز ہے ۔ 39 سالہ دلیپ فی الحال حیدرآباد کے فیلڈنگ کوچ ہیں، جو پہلے ہندوستان اے ٹیم سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ 2019 میں ہندوستانی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کے ممبران کے دستخط لینے والی ایم ایس کے پرساد کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی، نے انہیں کوچنگ ہنر کے لئے اعلیٰ درجہ دیا تھا۔ دلیپ نے لیول تین کاکوچنگ کورس بھی مکمل کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ پانچ نیٹ گیندبازوں کے ساتھ سری لنکا دورے پر جانے والی 20 رکنی ہندوستانی ٹیم پیر کو ممبئی میں لازمی کوارنٹائن شروع کرسکتی ہے ۔ 14 دنوں کی کوارنٹائن مدت کے بعد اس کے 27 جون کو سری لنکا کے لئے روانہ ہونے کی امید ہے ۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کے ذرائع کے مطابق سری لنکا پہنچنے پر ہندوستانی ٹیم کو تین روز کے سخت قرنطینہ سے گزرنا ہوگا۔ اس دوران کھلاڑیوں کو صرف کمروں تک ہی محدود رہنا ہے اورپھر تین روز کا سافٹ کوارنٹائن ہوگا، جس کے بعد ٹیم کو پریکٹس کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ ہندوستانی ٹیم کو ہمسایہ ملک کے خلاف 13 سے 25 جولائی تک تین ون ڈے اورتین ٹی-20 مقابلے کھیلنے ہیں۔سمجھاجاتا ہے کہ سری لنکا روانہ ہونے سے پہلے کوئی تیاری کیمپ نہ ہونے کے سبب راہل دروڈ نے 13 جولائی کو پہلے مقابلے سے کم از کم سات روز پہلے پریکٹس پرزوردیا ہے ۔ ٹیم کے لئے یہاں کوئی پریکٹس میچ تو مقررنہیں کیا گیا ہے ، لیکن ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اورسری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے کولمبو میں انٹری اسکوائڈ وارم اپ میچوں کا انتظام کیا ہے ۔ بی سی سی آئی پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ تمام چھ میچ کولمبو کے آر پریم داس بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔اس درمیان یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ بی سی سی آئی سری لنکا دورے پر جانے والے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ پر زورنہیں دے گا۔ سمجھاجاتا ہے کہ یویو ٹیسٹ اوردوکلومیٹر دوڑ کے فٹنس بنچ مارک میں چھوٹ ملک میں کورونا وبا کی صورت حال اورموجودہ لاک ڈاون کے پیش نظر دی گئی ہے ۔یواین آئی۔