یو این آئی
وشاکھاپٹنم /ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس وقت اعتماد لبریز ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں کلین سویپ کی جانب ایک اور قدم بڑھانے کے لیے تیار ہے ۔ ہندوستان پہلے ہی ابتدائی تینوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کر چکا ہے ۔ ٹیم انڈیا ایک بے خوف اور جارحانہ انداز اپنائے ہوئے ہے ۔ اس سیریز میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے واضح سوچ اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ کھیل پیش کیا ہے ، جس نے کیوی ٹیم کو دفاعی پوزیشن اپنانے پر مجبور کر دیا ہے ۔نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما اس سیریز کے ہیرو ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے ناگپور میں 35 گیندوں پر 84 اور گوہاٹی میں محض 20 گیندوں پر 68 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر میچ کا پانسا پلٹ دیا۔ فارم میں واپسی کے بعد کپتان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کیوں ٹی 20 کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ ان کی گیپس تلاش کرنے کی صلاحیت حریف بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب بنی ہوئی ہے ۔ رائے پور میں ایشان کشن کی شاندار اننگز نے ہندوستانی بیٹنگ لائن کی گہرائی کو مزید واضح کر دیا ہے ۔ہندوستان کی کامیابی میں بولرز کا کردار بھی کلیدی رہا ہے ۔جسپریت بمراہ نے اپنی تجربہ کاری سے رنز کی رفتار روکی۔ارش دیپ سنگھ نے اپنی سوئنگ سے کیوی بیٹرز کو پریشان رکھا۔اسپنرز نے ہندوستانی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی پیش کرنے والی والی نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی 20 فارمیٹ میں ہندوستان کی شدت کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ کپتان مچل سینٹنر اور گلین فلپس کی انفرادی کوششوں کے باوجود ٹیم کے دیگر اہم کھلاڑی کلیدی مواقع پر پرفارم نہیں کر سکے ۔وشاکھاپٹنم کے ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ میچ ہندوستان کے لیے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ہے ، جبکہ نیوزی لینڈ کے لیے یہ اپنی ساکھ بچانے کی جنگ ہے ۔