بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان آج سیریز کا پہلا ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا جائیگا

 کینبر/ ہندوستانی ٹیم تیسرے ون ڈے میں شاندار جیت سے پرجوش ہوکر آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے جمعہ کے روز ہونے والے پہلے مقابلے میں بلند حوصلے کے ساتھ اترے گی۔ ہندوستان نے سڈنی میں پہلے دو ون ڈے 66 اور 51 رن سے گنوائے تھے لیکن کینبرا میں تیسرے مقابلے میں 13 رن کی جیت کے ساتھ شاندار واپسی کی ۔ کینبرا کے مانوکا اوول میدان میں آسٹریلیا کو اس طرح پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ہندوستانی ٹیم اب ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی اس کارکردگی کو برقرار رکھنا چاہے گی ، جس کا پہلا میچ کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں ہونا ہے ۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے تیسرے ون ڈے میں جیت کے بعد کہا کہ وہ اس فارم کو آگے بھی برقرار رکھیں گے ۔ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور وہ متاثر کرنے میں ناکام رہی تھی لیکن تیسرے میچ میں ٹیم انڈیا شانداربلے بازی اور گیندبازی سے کلین سوئپ سے بچ گئی۔ہندوستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اس فارم کو برقرار رکھنا ہوگا اور آسٹریلیائی گیندبازوں کو قابو میں کرتے ہوئے جیت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز کرنا ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم نے واشنگٹن سندر اور دیپک چاہر کو ٹی 20 کے لئے ٹیم میں شامل کیا ہے ۔شکھر دھون ، وراٹ کوہلی ، مینک اگروال ، لوکیش راہل اور شریس ایر پر بلے بازی کا ذمہ ہوگا اورممکن ہے کہ دھون کے ہمراہ راہل اوپننگ کی ذمہ داری سبنھالیں ایسے میں مینک کا آخری الیون میں شامل ہونا مشکل ہو جائے گا۔اس سال کے شروع میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے ساتھ پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی تھی جس میں راہل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم کو پانچ۔صفر سے کلین سوئپ کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔