سرینگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیری فٹبال کھلاڑی دانش فاروق کو بحرین اور بیلاروس کیخلاف آئندہ بین الاقوامی دوستانہ میچوں کیلئے مردوں کے قومی فٹبال اسکارڈ میں منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ہندوستانی مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم کے 25 رکنی اسکارڈ کا اعلان پیر کو کیا گیاجو بحرین اور بیلاروس کے خلاف دوستانہ میچ کھیلنے کیلئے بحرین جائے گا۔7کھلاڑیوں ،جن کوپہلی مرتبہ ملک کی نمائندگی کرنے کاموقع ملے گا،اُن میں کشمیری فٹبال کھلاڑی دانش فاروق کے علاوہ پربھشوکھن گل، ہرمیپم رووا، انور علی، روشن سنگھ، وی پی سہیر اور انیکیت یادیوبھی شامل ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کے آفس سے ایل جی منوج سنہاکی جانب سے ایک ٹویٹ میں لکھاگیا’’دانش فاروق کو بحرین اور بیلاروس کے خلاف آئندہ بین الاقوامی دوستانہ میچوں کیلئے قومی فٹبال ٹیم میں منتخب ہونے پر مبارکباد، ان کی محنت، جذبہ اور عزم جموں و کشمیر کے بہت سے نوجوانوں کو متاثر کرے گا۔