راجوری // ممبر اسمبلی راجوری چودھری قمر حسین سے بھاجپا کے کابینہ وزیر چندر پرکاش گپتا کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس سے وادی کشمیر میں حالات مزید خراب ہوجائیںگے۔ کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ایسا بیان دیاجانا کہ پتھر بازوں کا جواب گولی سے دیا جائے ،جلتی پر تیل کاکام کرے گا۔ چودھری قمر حسین نے کہا کہ کابینہ وزیر کی طرف سے ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان وادی کشمیر میں حالات کو مزید کشیدہ بنانے میں چنگاری کا کام کریگا اور ایسے ہی لوگوں کی وجہ سے ملک بھر میں حالات پر تناؤ بنے ہوئے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ محض چند شرپسندوں کو خوش کرنے کی غرض سے ایسے غیر ذمہ دارانہ بیان جاری کئے جارہے ہیں جس سے آج ملک کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے تاکہ آئندہ کوئی بھی ذمہ دار شخص اس قدر غیر ذمہ دارانہ بیان جاری کرنے سے پرہیز کرے ۔ چودھری نے مزید کہا کہ وادی کشمیر کوتباہی کی طرف دھکیلنے والی واحد جماعت نیشنل کانفرنس ہے جس نے کشمیر میں اپنے مفاد کی خاطر عوام کو اس قدر بے زار کیا ہوا ہے کہ وہ تشدد کا راستہ اختیار کررہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ حالات کو بہتر بنانے میں تمام فریقین سے بات کرنی ہوگی جس کے لئے مرحوم مفتی محمد سعید بھی وعد بند تھے جو ہمیشہ عوام کے جذبات کا احترام اور عزت نفس کی بحالی کے لئے بات کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گولیاں بہت چلائی گئیں لیکن یہ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔