سرینگر//پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے سوالیہ انداز میں پوچھا ہے کہ اگر کشمیر داخلی مسئلہ ہے تو غیر ملکی سفارتکاروں کے دورے کی کیوں ضرورت پڑی؟ پارٹی ہیڈکوراٹر پر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیخلاف پارٹی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ غلام احمد میر نے کہاکہ جب تک مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرکار ہے تب تک جموں و کشمیر میں ریاستی درجے کی بحالی مشکل ہے ۔انہوںنے کہا وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ عارضی370کو ہٹاتے ہٹاتے 70سال لگ گئے ہیںاور صیح وقت کا انتظار کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا پتہ نہیں وہ وقت کب آئے گا اور اس میں کتنا وقت درکار ہوگاوہ بتانا مشکل ہے ۔میر نے کہا موجودہ مرکزی سرکار میں خصوصی پوزیشن کی بحالی کی امید رکھنا یا سوچنا ہماری غلط فہمی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’بی جے پی سرکار کی جانب سے غیر ملکی سفارتکاروں کو وادی کے دورے پر لانے سے سرکار بین الاقوامی سطح پر یہ تاثر دے رہی ہے کہ کشمیر ایک مسئلہ ہے اور یہاں حالات سازگار نہیں ہیں۔‘‘انہوں نے کہا اگرکشمیر اندرونی مسئلہ ہے تو غیر ملکی سفارتکاروں کا دورہ کیوں؟ انہوں نے مرکزی سرکار سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کے بقول اگر کشمیر میں حالات بہتر ہوئے ہیں اور کشمیر ملک کا اندرونی مسئلہ ہے تو سفارتکاروں کے وفود کو یہاں کیوں مدعو کیا جا رہا ہے؟انہوں کہا کہ سرکار کی حریف جماعتوں نے متعدد بار مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ وفد کو وادی کشمیر کا دورہ کرنا چاہئے تاکہ یہاں کے زمینی حالات سے ملک کو آگاہ کیا جائے لیکن ایسے مطالبات مسترد کئے جارہے ہیں۔میر نے مزید کہا کہ سفارتکاروں کو دورے پر لانے کر سرکار خود اس بات کا اعتراف کر رہی ہے کہ کشمیر میں حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ بی جے پی حکومت پر بدعنوانی اور بد انتظامی کو روکنے کے علاوہ اقتصادی سست روی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ جو بھی شخص مرکز کی غلط پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتا ہے ، اس کو نشانہ بنایا جاتا ہے‘۔اس دوران پارٹی کارکنوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے مرکز کی حکومت کی طرف سے گھریلوں گیس اور تیل میں غیر معمولی قیمتوں میں اضافے پر سخت جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا بی جے پی اپنی غلط پالیسیوں ، کے ذریعہ ملک کو معاشی طور پرکمزور کرنے کے لئے تلے ہوئے ہیں۔ اس موقعہ پر کانگریس کے نائب صدر عبد الرشید ڈار ، جنرل سیکریٹریس سریندر سنگھ چھنی ، شمیمہ اقبال ڈی سی سی کے صدر عبد الثانی خان ، نثار احمد منڈو ، شمیمہ رینہ اور مختلف دیگر لیڈروں اور کارکنوں نے اجلاس سے خطاب کیا۔