بانہال//بڑھتی بیروزگاری کے خلاف یوتھ کانگریس بانہال کی طرف سے جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرہ کئے گئے اور اس دن کو بیروزگار نوجوانوں کے دن کے طور منانے کا دعویٰ کیا گیا ۔ جمعہ کی صبح قصبہ بانہال میں سیڈ ہاس پل کے پاس یوتھ کانگریس کے نوجوانوں نے احتجاجاً
پکوڑے اور چائے بنانے کے سٹال قائم کئے تاکہ سرکاری کو بڑھتی بیروزگاری کے بارے میں مطلع کیا جائے۔اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت یوتھ کانگریس بانہال کے سیکریٹری ایڈوکیٹ نبیل خالد کر رہے تھے جبکہ یوتھ کانگریس کے درجنوں ورکر بھی وہاں موجود تھے ۔ اس موقع پرذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نبیل خالد نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کی طرف سے علامتی طور پکوڑے بنانے کا یہ احتجاج بھارتیہ جنتا پارٹی کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے کیونکہ بیروزگاری نے پڑھے لکھے لوگوں کا حال بے حال کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس نے نریندر مودی کے جنم دن کو بیروزگاری کے دن کے طور منایا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں بیروزگاری اپنے عروج کو جا پہنچی ہے اور روزمرہ کی کھانے پینے کی گھریلو چیزوں سے لیکر ڈیزل اور پیٹرول تک مہنگائی میں ہوشربا اضافے نے لوگوں کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے اور انجینئرنگ کی ڈگریاں پاس کرکے آئے نوجوان بیروزگار ہیں اور پکوڑے سموسے اور چائے بنانے کے سوا ان کے پاس کوئی اور راستہ بچا ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پکوڑے اور چائے بیچنے کانیا احتجاج سرکار کو نیند سے جگانے کیلئے کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں جاری ریلوے اور فورلین پروجیکٹوں میں بھی مقامی بیروزگاروں کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے اور بیرون ریاستوں سے لائے جارہے لوگوں کو یہاں کے پروجیکٹوں میں روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس عوام اور نوجوانوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے تک اپنی جد وجہد جاری رکھے گی تاکہ پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں میں احساس کمتری اور بے چینی کو کم کیا جاسکے۔ اس موقع پر پولیس نے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے حفاظتی انتظامات کئے تھے تاہم یہ احتجاج پر امن طور اپنے اختتام کو پہنچا۔