سمت بھارگو
راجوری//بڈھال گاؤں کے تمام مریض جو مختلف ہسپتالوںمیں زیر علاج ہیں، ان کی صحت میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ یہ بات جی ایم سی راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دی۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے بتایا کہ اس وقت مختلف ہسپتالوں میں 16 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے ایک مریض پی جی آئی چندی گڑھ میں، تین حقیقی بہنیں جی ایم سی جموں میں، اور 12 مریض جی ایم سی راجوری میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’’پی جی آئی چندی گڑھ میں زیر علاج مریض مستحکم ہیں اور خطرے سے باہر ہیں۔ وہ سخت طبی نگرانی میں ہیں، اور ہم ہسپتال کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ایم سی راجوری میں 12 مریض زیر علاج ہیں، جن میں ایک 16 سالہ لڑکی بھی شامل ہے جو جمعہ کی سہ پہر ہسپتال لائی گئی۔ موصوف نے کہاکہ’’ان میں سے دس مریض مکمل طور پر مستحکم ہیں اور خطرے سے باہر ہیں، جبکہ دو مریضوں کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے، لیکن وہ بھی مستحکم ہیں‘‘۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور میڈیکل ماہرین پر بھروسہ رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ بیماری نہ تو وائرل ہے، نہ کوئی مادہ بیماری ہے، اور نہ ہی متعدی ہے۔اسی طرح، جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد نے بتایا کہ مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’ہماری ایک خصوصی ٹیم ہے جو ایچ او ڈیز کی قیادت میں کام کر رہی ہے، جو بڈھال کے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتی ہے۔ دیگر ڈاکٹرز، بشمول کنسلٹنٹس، بھی اسٹینڈ بائی پر ہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر بلائے جاتے ہیں‘‘۔اس پیش رفت سے بڈھال کے مکینوں اور مریضوں کے اہل خانہ کو بڑا اطمینان ملا ہے۔ طبی عملے کی بھرپور کوششیں رنگ لا رہی ہیں، اور حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس بحران کو مکمل طور پر حل کرنے اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ
سمت بھارگو
راجوری//بڈھال گاؤں میں پراسرار حالات کے تحت ہونے والی سترہ اموات کے بعد پیدا ہونے والی تشویشناک صحت کی صورتحال کے پیش نظر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کے حکام نے میڈیکل اسٹاف، بشمول ڈاکٹروں، کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔جی ایم سی راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ نے اس اقدام کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ’’بڈھال کی صحت کی صورتحال کے پیش نظر ہمارے لئے مناسب افرادی قوت کی موجودگی ضروری ہے، اسی لیے تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں کی چھٹیوں پر گئے ڈاکٹروں کو بھی واپس بلایا گیا ہے تاکہ اس صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔بڈھال گاؤں میں حالیہ دنوں میں پراسرار بیماری کے باعث ہونے والی اموات نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا تھا، جس کے بعد حکام نے فوری اقدامات کئے۔ جی ایم سی راجوری کے حکام نے طبی عملے کی کمی کو دور کرنے کے لئے اضافی عملے کی تعیناتی کا بھی اعلان کیا ہے۔اس صورتحال کے حوالے سے ڈاکٹر شمیم احمد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری نے کہاکہ ’’یہ صحت کی ایک سنگین صورتحال ہے اور ہم مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ اضافی طبی عملے کی تعیناتی سے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے گا‘‘۔