بڈگام// پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا جو ضلع بڈگام کے اِنچارج اِنتظامی سیکرٹری بھی ہیں ،نے مختلف ترقیاتی سرگرمیوں اور منصوبوں، حکومت اور مرکزی معاونت والی سکیموں ،ڈسٹرکٹ کیپکس، لینگویشنگ،بیک ٹووِلیج اور مجوزہ ضلع ترقیاتی منصوبہ 2020-21 کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بڈگام کا دورہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے مختلف شعبوں کے تحت عملانے والے منصوبوں اور سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کووِڈ۔19 وَبائی مرض سے پیدا ہونے والے حالات کے باوجود ضلع2020-21 کے دوران مختلف شعبوں کے تحت زیادہ سے زیادہ منصوبوں اورسکیموں کو مکمل کرنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ ڈسٹرکٹ کیپکس2020-21 کے تحت 178.86 کروڑروپے کی منظوری دی گئی ہے ، اس میں سے 118.32کروڑ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے۔ تاہم ضلع ترقیاتی منصوبہ 2020-21 کو790.66 کروڑروپے مرتب کیا گیا ہے ۔ پی ایم جی ایس وائی ، جے جے ایم ، بی اے ڈی پی جیسے سی ایس ایس سکیموں کو شامل کرنے بالخصوص ڈی ڈی سی / بی ڈی سی / پی آرآئی گرانٹس (ائیریا ڈیولپمنٹ پلان) اضافہ کیا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ مالی برس2020-21کے دوران 4641 سکیموں کے ہدف کے مقابلہ میں 3295 سکیمیں اور کام مکمل کئے گئے تھے اور 466 سکیموں میں سے کوئی بھی رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کی تجویز ہے۔ پی ایم جی ایس وائی کے تحت 64 سکیمیں چل رہی ہیں جن میں 8 نئی سکیمیں شامل ہیں اور موجودہ مالی سال 2020-21کے اختتام تک مکمل کئے جانے کا ہدف مقرر ہے۔اسی طرح جے جے ایم 173 سکیموں سمیت 121 نئی سکیمیں اس وقت ضلع بھر میں چل رہی ہیں اور ان کی تکمیل کا ہدف 2020-21 کے دوران ہے۔اِس موقع پر گپتا نے متعلقہ افسران اور عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار میں سرعت لائیںاور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مقررہ مدت کے اندر تکمیل کے لئے جاری سکیموں اور کاموں کے لئے کافی رقم مختص کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹروپولیٹن علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے ایم آر ڈی اے سکیم کے تحت محکمہ مکانات و شہری ترقی کے پاس کافی فنڈس دستیاب ہیں اور حکومت کی جانب سے ان کے زیر غور منصوبے کے تحت ضلع سے منصوبوں کی تشکیل کی ہدایت دی گئی ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے مزید کہا کہجموں کشمیرکے تمام ممتاز شہروں اور قصبوں میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے جدید جہتوں کو پیش کرنے کے لئے آئندہ تین برسوںکے اندر تفصیلی ڈی پی آر تیار کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ 76 بلدیہ کے لئے 313 کروڑ روپے کے اضافی گرانٹ کی منظوری کی گئی ہے جس کو کمیونٹی ہالوں، میٹنگ ہالوں ، کھیل میدانوں ، اوپن جم کورٹس ، ٹائون ہالوں ، بس اڈوں کودیدہ ذیب اور بہتر بنانے وغیرہ میں استعمال کیا جائے گا۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کی طرف سے پیش کردہ 5 کروڑ روپے کی رقم پر مشتمل چاڈورہ میں بس اڈہ کی تعمیر کا مطالبہ کیا جس پر پرنسپل سیکرٹری نے حامی بھرلی۔