محمد تسکین
بانہال // کٹھوعہ ضلع کے بنی تحصیل کی آبادی کی موجودہ سرکار سے مانگ ہے کہ تحصیل بنی میں نیم طبی عملہ کی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کیلئے ایک پیرا میڈیکل انسٹی چیوٹ کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ یہاں کی اسی ہزار سے زائد آبادی میں سے طبی شعبے میں دلچسپی رکھنے والے خواہشمند افراد کو اپنے ہی علاقے میں پیرا میڈیکل شعبے کی تربیت حاصل کرنے کا موقع مل سکے ۔ مقامی سماجی کارکن مدثر علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بیروزگاری سے بچنے کیلئے ضلع کٹھوعہ کے بنی تحصیل سے بارہویں جماعت پاس کرنے کے بعد بیشتر طلاب چھوٹے میڈیکل کورسز میں داخلہ لینے کی زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور علاقے میں کوئی پیرا میڈیکل کالج نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے طلاب علموں کو بارہویں جماعت کا امتحان پاس کرنے کے بعد پیرا میڈیکل کورسز میں داخلہ لینے کیلئے کٹھوعہ ، جموں ، ہمسائیہ ضلع ڈوڈہ اور بیرون ریاستوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کیلئے ناممکن اور پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنی کے غریب اور پسماندہ طالب علموں کو اپنے ضلع کٹھوعہ میں بھی پیرا میڈیکل کالجز میں داخلہ لینا ممکن نہیں ہے کیونکہ کٹھوعہ اور بنی کے درمیان ڈیرھ سو کلومیٹر کا فاصلہ ہے اور بنی سے جاکر کٹھوعہ شہر میں کرایہ کے کمروں میں مقیم ہوکر طبی شعبہ میں تعلیم و تربیت حاصل کرنا بھی دشوار اور کٹھن ثابت ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنی سے کٹھوعہ تک آدھا دن سفر میں ہی گزر جاتا ہے اور اس طرح کی سہولیات کو بنی تحصیل میں ہی میسر رکھنا ناگزیر ہوگیا ہے ۔ علاقے کے ایک اور شہری راکیشن سنگھ نے بتایا کہ بتایا کہ تحصیل بنی کے لوانگ ، برموتا، چنڈل ، بنی ، ڈھاگر ، آسوہ ، بنجل ، بیگوگا ، باندر وغیرہ کے دیہات کے لوگوں کی سرکار سے یک زبان ہوکر اپیل ہے کہ وہ بنی میں پیرا میڈیکل انسٹی چیوٹ کھول کر یہاں کے ہزاروں لوگوں اور ان کی آنے والی نسلوں پر احسان کریں ۔ انہوں نے وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، ممبر پارلیمنٹ و مرکزی وزیرمملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور مقامی ممبر اسمبلی ڈاکٹر رامیشور سنگھ سے درخواست کی کہ وہ تحصیل بنی میں ایک سرکاری پیرا میڈیکل انسٹی چیوٹ کی منظوری دیکر اس کا قیام عمل میں لائیں تاکہ تحصیل بنی کے دور دراز علاقوں کے سینکڑوں طلبا و طالبات مقامی سطح پر ہی تربیت پاکر طبی شعبے میں لوگوں کی خدمت کر سکیں ۔