یو این آئی
ڈھاکہ// بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے مضافات میں واقع دو بڑے صنعتی مراکز ساور اور اشولیہ میں کل 130 ریڈی میڈ گارمنٹ (آر ایم جی) فیکٹریوں نے اجرت میں اضافے کے لیے جاری مزدوروں کے احتجاج کی وجہ سے کام غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔صنعتی پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد سرور عالم نے ہفتے کے روز صحافیوں کو بتایا کہ کارکنوں کا ایک گروپ اب بھی 23,000 ٹکہ (209 امریکی ڈالر) کی کم از کم ماہانہ اجرت کا مطالبہ کر رہا ہے۔مزدوروں نے حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں 56 فیصد اضافے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے منگل کو بھی اپنا احتجاج جاری رکھا۔مبینہ طور پر مظاہروں کے نتیجے میں کاروں اور فیکٹریوں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور ڈھاکہ اور اس کے آس پاس پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ گزشتہ بدھ کو ڈھاکہ کے نواح میں غازی پور کے علاقے کوناباری میں تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کرنے والے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں ایک خاتون کارکن کی موت ہو گئی ۔ڈھاکہ اور اس کے آس پاس کے بڑے صنعتی علاقوں میں نیم فوجی بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔