سرینگر// کرناٹک میں پولیس کشمیریوں کی پروفائلنگ کررہی ہے اوربنگلورو پولیس نے کمپنیوں کو جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد کی تفصیلات طلب کرنے کے لئے نوٹس جاری کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بزنس پارک میں واقع کمپنیوں سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے جموں کشمیر کے باشندوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے کہا ہے۔ کارکنوں اور وکلا نے پولیس نوٹس کی تنقید کرتے ہوئے اسے جموں و کشمیر کے لوگوں کی غیرضروری پروفائلنگ قرار دیاہے۔ سمپی گیہلی پولیس اسٹیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق ’’امن و امان کے مقصد کے لئے ، براہ کرم ان ملازمین کی تفصیلات بتائیں جو اصل میں جموں و کشمیر کے رہنے والے ہیں اور ناگوارہ رنگ روڈ کے مانیاٹا ایمبیسی پارک میں مختلف کمپنیوں میں کام کر رہے ہیں‘‘۔ نوٹس پر مقامی ایس ایچ اوکے دستخط ہیں اور انہوں نے جموں و کشمیر کے ملازمین کے نام ، موبائل نمبر ز، بنگلورو میں موجودہ اپنا پتہ اور متعلقہ کمپنیوں میں ان کے قیام،کام کی مدت کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔کارکنوں اور وکلا نے اس نوٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی مخصوص خطے سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی تفصیلات اکٹھا کرنا اخلاقی طور پر غلط اور غیر قانونی ہے۔