بنگال: سمندری طوفان ’یاس‘ سے نمٹنے کیلئے جنگی پیمانے پر تیاریاں

کولکاتا// امفان طوفان کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مغربی بنگال ایک اور تباہ کن طوفان ’یاس‘ سے نمٹنے کی تیاریوں میں مشغول ہوگیا ہے۔ ایک طرف جہاں ریاستی حکومت نے جنگی پیمانے پر تیاریاں شروع کردی ہیں وہیں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں مغربی بنگال اور اڈیشہ میں ساحلی علاقوں میں پوزیشننگ لینا شروع کردیا ہے۔ اس درمیان ساحلی علاقے کے ہر بلاک میں 24 گھنٹے الرٹ جاری کیا جارہا ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر ماسک کی خریداری کرلیں۔سمندر اور ندیوں میں ماہی گیروں کو بھی سمندر کے کنارے جانے سے منع کیا گیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ’یاس‘ 22 اور 26 مئی کے درمیان مغربی بنگال اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گی۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے ڈائریکٹر جنرل ایس این پردھان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ طوفان یاس کے پیش نظر مغربی بنگال اور اڈیشہ میں مقیم این آرڈی ایف کی ٹیموں کو دوبارہ تعینات کیا جارہا ہے۔