عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//مغربی بنگال کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سوبیدو ادھیکاری نے جمعہ کو راشٹرپتی بھون میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔صدر کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس ملاقات کی تصویر شیئر کی۔ادھیکاری نےمرکزی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ راج ناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ میں مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ سوویندو ادھیکاری ریاست کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔انہوں نے لکھا: “نئی دہلی میں مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ سوویندو ادھیکاری سے ملاقات ہوئی۔ وہ وسیع سیاسی اور قانون ساز تجربہ رکھنے والی شخصیت ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مغربی بنگال کو مزید ترقی کی راہ پر لے جانے کے لیے کام کریں گے۔” اپنے دورے کے دوران مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ نے آج راشٹرپتی بھون میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کی۔یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب سلی گڑی سب ڈویژن کے پھانسیدوا علاقے میں بھارت-بنگلہ دیش سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ یہ کام اس وقت ممکن ہوا جب مغربی بنگال حکومت نے 27 کلومیٹر طویل اہم زمین بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے حوالے کی، جسے سرحدی سکیورٹی مضبوط بنانے کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔