عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کل پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ضلع سری نگر کے رہنماؤں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار ہو جائیں۔ انہوں نے لوگوں تک پہنچ کر اور ان کے ساتھ سرگرمی سے جڑ کر پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے رہنماؤں کو عوامی شکایات کو اجاگر کرنے اور بروقت ازالے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری خورشید عالم، سابق وزراء نعیم اختر اور آسیہ نقاش، سابق ایم ایل اے پیر منصور حسین اور انجم فاضلی، پارٹی ترجمان اقبال ترمبو، ضلعی صدر عبدالقیوم بٹ، حلقہ انچارجز، یوتھ لیڈرز اور زون صدور نے شرکت کی۔اس موقع پر خورشید عالم، نعیم اختر، آسیہ نقاش، پیر منصور، عارف لائئگرو اور عبدالقیوم بٹ نے خطاب کیا۔ مقررین نے پارٹی کے اندر اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور عوام کے تحفظات کو موثر انداز میں دور کرتے ہوئے ان کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔