جاوید اقبال
مینڈھر// بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈی ڈی سی ممبر واجد بشیر ٹیکو نے پیرکے روز بس اڈہ مینڈھر میں تعمیر کئے گئے گھنٹہ گھرکا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ضلع صدر سمیت علاقے کے مختلف حصوں سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور تقریب ایک عوامی جشن کی شکل اختیار کر گئی۔افتتاحی تقریب کے دوران عوام نے واجد بشیر ٹیکو کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں جلوس کی صورت میں بس اڈہ مینڈھر تک لایا گیا۔ شرکاء کے نعروں اور جوش و خروش نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ مقامی لوگوں نے کلاک ٹاور کی تعمیر کو شہر کی خوبصورتی اور ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔اس موقع پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر نے اپنی پانچ سالہ کارکردگی کا تفصیلی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ نمائندگی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی بہتری، بجلی اور پانی کی سپلائی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی مطالبے کے پیش نظر سنگالا اور سکھی میدان میں دو خوبصورت انٹری گیٹس تعمیر کروائے گئے ہیں، جو علاقے کی شناخت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مینڈھر کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے بعض سیاسی لیڈران کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جنہوں نے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔واجد بشیر ٹیکو نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے اعتماد اور تعاون سے ہی ترقی ممکن ہوتی ہے اور آئندہ بھی علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ تقریب کے اختتام پر میڈیا، سماجی شعبوں اور مختلف محکموں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔