یو این ایس
سرینگر//پولیس نے جمعہ کو راج باغ کے علاقے میں بزرگ کشمیری پنڈت جوڑے، اشوک توشکناہی اور ان کی اہلیہ کسم پر حملے کے کیس میں ملوث مرکزی ملزم سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، متاثرہ جوڑے کے گھر میں داخل ہونے کے بعد ملزمان نے گھر والوں پر تشدد کیا اور آگ لگانے کی کوشش بھی کی۔پولیس نے ایک بیان میں کہا،’’پولیس نے راج باغ کے علاقے میں بزرگ کشمیری پنڈت جوڑے پر ہونے والے اس واقعے کا نوٹس لیا اور فوری کارروائی کی۔‘‘مرکزی ملزم کی شناخت ویوک باترا کے طور پر کی گئی ہے، جو کہ برطرف شدہ سابق ’آئی آر ایس‘افسر ہیں۔ پولیس کے مطابق، ویوک باترا پہلے بھی متعدد تنازعات میں ملوث رہے ہیں، جن میں دھوکہ دہی، کرپشن اور غیر متناسب اثاثوں کے کیس شامل ہیں، اور ان مقدمات کا اندراج ریاستی حدود کے باہر بھی کئی جگہوں پر ہوا۔پولیس کے مطابق، واقعے کے دوران کئی خواتین زخمی ہوئیں اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا اور متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔