اشرف چراغ
لولاب//سخت سردی ،موسمی سختیو ں اور تمام سہولیات کی کامیابی کے باجود معروف سیا حتی مقام لولاب وادی کے ابھرتے سیاحتی مقام کائری دیور میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے سرمائی سیاحتی میلہ منعقد کیا گیا جسمیں ضلع اور بین ضلعی لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔حالیہ برف باری کے بعد لولاب کے اونچے برف پوش پہاڑ وں میں گھری وادی لولاب اور اس کے آس پاس با لخصوص کائری ون اور چنڈی گام میں اپنا الگ سے حسن و جمال ہوتا ہے ۔مقامی سیلانیو ں کے ساتھ ساتھ غیر مقامی سیاح وادی لولاب کی سیر کرنے کو ہمیشہ سے شوقین اور منتظر رہے ہیں اور وہ بھی جب برف باری کا سلسلہ شروع ہوتا ہے ۔اتوار کے روز جب ضلع انتظامیہ نے محکمہ سیاحت اور اطلاعاتی محکمہ کپوارہ کے اشتراک سے کائری ون دیور میں ایک سرمائی سیاحتی میلے کا انعقاد کیا تو لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے لولاب وادی کا سفر شروع کیا ۔ضلع انتظامیہ کے مطابق اس سرمائی میلے میں توقع سے زیادہ لوگو ں نے شرکت کی اور وادی لولاب کے کائری ون علاقے کے قدرتی حسن کا لطف اٹھایا ۔جہا ں شمالی ضلع کپوارہ کے مختلف مقامات قدرتی حسین کے شاہکار مانے جاتے ہیں وہیں وادی لولاب بے پناہ خوبصورتی کا مسکن ہے ۔وادی لولاب ایک سر حدی علاقہ ہے جہا ں پر ملٹنسی اپنے بام عروج پر تھی اور ایک زمانے میں عسکریت کی وجہ سے بد نام علاقہ تھا اور پوری وادی میں حساس ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ ایک دہائی میں یہا ں کے حالات میںکافی تبدیلی آئی ہے اور اب یہ علاقہ ایک پر امن مقام کے طور سامنے آیا ہے اور اب وادی لولاب ایک بار پر قدیم طرز روایت کے مطابق سیا حوں کے لئے پر سکون مقام کے طور ابھرا ہے جو قدرتی حسن ،ثقافتی ورثے اور امن کا یک منفرد امتزاج پیش کرتا ہے ۔ وادی لولاب کے لوگو ں کی دلی خواہش ہے کہ اس علاقے کی پھر سے وہ شان رفتہ پھر سے بحال ہو جائے جو 35سال قبل کھو گئی ہے ۔ایک سماجی کارکن اور قلمکار آصف اقبال نے بتایا کہ ثقافتی ورثے اور سیاحت کا باہمی تعلق کسی بھی ملک یا علاقے کی شناخت ،تاریخ اور معیشت کو مستحکم کرتا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ انتطامیہ کی جانب سے کائری ون میں سر مائی سیاحتی میلہ منعقد کرنے سے یہا ں کے ثقافتی ورثے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فرو غ مل گیا کیونکہ وادی لولاب ایک تاریخی مقام بھی ہے جس سے فن تعمیر ،تاریخی مقامات ،روایات اور لوک فنون سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کپوارہ کے ہر سیاحتی مقام کو ایک نمونے کے طور پیش کرنے کے لئے پر عزم ہے اور کائری ون علاقہ میں سیا حتی میلہ منعقد کر کے نہ صرف مقامی معیشت کو فرو غ مل گیا بلکہ سیا حت کو بھی کا فی فائدہ ہوا اور انتظامیہ اس قسم کے سرمائی میلہ منعقد کرنے کے لئے اپنی کوشش جاری رکھیں گے ۔