عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیرپائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈکے حکام نے منگل کوبتایاکہ کئی علاقوں میں مسلسل برف باری کے باوجود منگل کو پوری وادی کشمیر میں بجلی کی فراہمی کافی حد تک مستحکم رہی ۔ کشمیرپائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ بجلی کا بنیادی ڈھانچہ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے اور موجودہ موسمی حالات کی وجہ سے اب تک کسی بڑے خلل کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات کی نگرانی کیلئے اضلاع میں فیلڈ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور کسی بھی مقامی خرابی کا فوری جواب دیا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ سری نگر، جنوبی کشمیر اور بالائی علاقوں سمیت وادی کے کچھ حصوں میں اگرچہ برف باری جاری ہے، لیکن اس سے ترسیل یا تقسیم کے نظام پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر پہلے سے رکھی گئی تھیں جن میں دیکھ بھال کرنے والے عملے کی تیاری اور ضروری سامان کی دستیابی شامل ہے۔حکا م نے کہا کہ ہسپتالوں، واٹر سپلائی سکیموں اور دیگر ضروری خدمات کو بجلی کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ موسم کے دوران بلاتعطل کام کو یقینی بنایا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ شکایات وصول کرنے اور بندش کی صورت میں فوری ردعمل کو مربوط کرنے کے لیے کنٹرول روم ضلع اور ڈویژنل سطح پر کام کر رہے ہیں۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ ہیلپ لائن نمبروں کے ذریعے خرابیوں کی اطلاع دیں۔