ایجنسیز
میامی/وِنیسیئس جونیئر کے دو اور میتھیاس کنہا کے ایک گول کی بدولت پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں وِنیسیئس نے ساتویں منٹ میں گول کر کے برازیل کو ابتدائی برتری دلائی، جس کے بعد انہوں نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول بھی اسکور کیا۔ برازیل کی جانب سے تیسرا گول میتھیاس کنہا نے کیا۔اس میچ میں دو گول کرنے کے بعد وِنیسیئس کے ٹورنامنٹ میں مجموعی گولوں کی تعداد چار ہو گئی ہے اور وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں فرانس کے کِلیان ایمباپے کے برابر پہنچ گئے ہیں۔ دونوں کے چار، چار گول ہیں، جبکہ ارجنٹینا کے لیونل میسی پانچ گول کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ میچ کے 76ویں منٹ میں برازیل کے اسٹار فارورڈ نیمار نے بھی میدان میں واپسی کی۔ وہ پنڈلی کی انجری کے باعث ٹیم کے ابتدائی دو میچوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے ۔ ان کی واپسی کو برازیل کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔اس کامیابی کے ساتھ برازیل نے گروپ سی میں سات پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن برقرار رکھی اور ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔