عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکنِ اسمبلی ہندوارہ سجاد لون نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر حکومت کے بجٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ کسی سیاسی سوچ یا وژن کا عکاس نہیں بلکہ مکمل طور پر بیوروکریٹس کی پیداوار ہے، جس میں گزشتہ برس کے مقابلے میں کوئی نمایاں بہتری دکھائی نہیں دیتی۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سجاد لون نے کہا،’’یہ بجٹ نہ تو پہلے سے بہتر ہے اور نہ ہی مختلف۔ میں تو کہوں گا کہ یہ اتنا ہی خراب ہے جتنا پچھلی بار تھا۔‘‘انہوں نے الزام عائد کیا کہ بجٹ میں سیاسی قیادت کا کوئی مؤثر کردار نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا’’یہ ایک بیوروکریٹک بجٹ ہے، اس میں سیاسی ان پٹ مکمل طور پر غائب ہے۔‘‘سجاد لون نے مرکزی حکومت کا بار بار شکریہ ادا کرنے کے رویے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ بجٹ میں کسی آزاد یا خودمختار پالیسی فریم ورک کی جھلک دکھائی نہیں دیتی۔‘‘انہوں نے غریب خاندانوں کیلئے مفت ایل پی جی سلنڈروں کے وعدے میں کمی کو بھی حکومت کی پسپائی قرار دیا۔انہوں نے کہا’’پہلے کہا گیا تھا کہ تمام غریب خاندانوں کو سالانہ 12 مفت گیس سلنڈر دیے جائیں گے، اب اسے صرف انتیودیہ انا یوجنا تک محدود کر دیا گیا ہے۔