بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی

سرینگر+ٹنگمرگ//ہارون اور ٹنگمرگ کے کئی علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں میں بجلی محکمہ کے تئیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ہارون، بارجی، درباغ ،چندہ پورہ ،شالیمار ،ارہ بل ،دارا، نیو تھیداور دنہ ہامہ سمیت دیگر علاقوں میں گھنٹوں بجلی سپلائی منقطع رہنے سے ہزاروں نفوس کی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ سلسلہ پچھلے دس روز سے جاری ہے۔بارجی کے ایک باشندے الطاف حسین نے بتایا کہ محکمہ بجلی نے ہارون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کا شیڈول نافذ کرکے پوری آبادی کو گھپ اندھیرے میں گزر بسر کرنے پر مجبور کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے اورمحکمہ بجلی کی جانب سے کوئی کٹوتی شیڈول جاری نہ ہونے کے باوجود بھی انہیں گھنٹوں بجلی فراہم نہیں کی جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر اس سلسلے پر روک نہیں لگائی گئی تو وہ سڑکوں پرنکلنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ۔ادھر سب ڈویژن ٹنگمرگ میں لوگوں کو بدترین بجلی کٹوتی کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ٹنگمرگ میں صارفین کو وقفے وقفے سے صرف دوچار گھنٹے ہی بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ٹنگمرگ قصبہ کے علاوہ درنگ،مہاین، فیروزپورہ ،چک فیروزپورہ، شرائے ،تریرن ،چھاندل وانی گام ، رنگہ والی،تمبر ہامہ،کلہامہ ،درورو، مرچی پورہ، بادی پورہ، وہی پورہ ،چندی لورہ ،چھانہ پورہ ،سولندہ کٹہ پورہ ،قاضی پورہ،باٹو، زرن ،وارپورہ، فجہ پورہ شوم ،کھئی پورہ، وانیلو ،چچلورہ ،دلدار پورہ ،حاجی بل، چونٹی پتھری ،بابا ریشی اوردیودرگر میں محکمہ بجلی 24گھنٹوں کے بجائے چار گھنٹے ہی بجلی فراہم کررہاہے ۔مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے بجلی سپلائی میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا ہے۔