عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن مڑواہ علاقہ میں نوجوانوں نے علاقے میں بنیادی سہولیات کے فقدان کو لیکر احتجاج کیا ۔متعدد نوجوانوں نے سماجی کارکن رئوف لون کے ہمراہ جمع ہوکر احتجاج کیا ۔اس دوران انہوں نے پلے کارڈ بھی اٹھارکھے تھے۔ احتجاج کررہے لوگوں نے بتایا کہ ہم انتظامیہ کے خلاف نہیں لیکن علاقے میں بجلی، پانی، سڑک و مواصلاتی سہولیات نہ ہونے کے سبب احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، اگرچہ چار سال سے ہمیں دلاسا دیاجارہا ہے کہ علاقے میں بہتر مواصلاتی نظام ہوگا لیکن آج تک یہ ممکن نہ ہوسکااورہماری حالات خستہ ہوچکی ہے۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ سرکار یہ دعویٰ کررہی ہے کہ ہر گھر مواصلاتی نظام ہے اور ملک ڈیجیٹل ہوچکا ہے لیکن اسکے باوجودپچاس ہزارآبادی کا علاقہ آج بھی قدیم دور کی زندگی بسر کررہا ہے ۔انکے مطابق جہاں سبھی کاموں کو آن لائن کے ذریعے کیا جارہاہے وہیں عوام کو دو روپے کے کاغذ کیلئے دس ہزار روپے خرچ کرکے ضلع ہیڈکوارٹر پہنچنا پڑتاہے،کیا یہی انصاف یہاں کی عوام کے ساتھ کیا جارہاہے ۔انہوںنے کہا کہ علاقے کو مکمل طور نظر انداز کیا گیا ہے ،یہاں کا نوجوان کس طرح شہر کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرپائے گا جبکہ اسے مواصلاتی نظام کے بارے میں عمل ہی نہ ہو، یہ کس طرح سے اپنی تعلیم کو مزید بہتر کرپائےگا،آج بھی علاقے میں بجلی نہیں ہے، علاقہ محض چھ ماہ تک سڑک رابطے سے جڑا رہتا ہے جسکے بعد یہ راستہ بند رہتا ہے،علاقے کی عوام آج بھی قدیم انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے اور یہاں کے سیاست دان بڑے محلوں میں آرام فرمارہے ہیں ۔انہوںنے کہا’’ہم سرکار سے فوری طور علاقے میں بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔ایک نوجوان سہیل نے بتایا کہ میرا سوال وزیر اعظم سے ہیں کہ ہم کیا ا س ملک کا حصہ نہیں ہیں ،اور اگر ہیں تو ہمارے ساتھ اسطرح سوتیلی ماں کا سلوک کیوں ہورہا ہے؟،ہمیں بھی بنیادی سہولیات کا حق ہے ،آج بھی ہم ایک فون کال کرنے کیلئے ترستے ہیں، ہماری انتظامیہ سے مانگ ہے کہ ہمیں فوری طور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ پی ڈی پی سٹیٹ سیکریٹری ایڈوکیٹ شیخ ناصر حسین ،جو احتجاج میں شامل تھے، نے الزام عاید کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں منصوبہ بند سازش کے تحت خدمات کو غیر معیاری رکھا جارہا ہے، علاقہ مڑواہ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور ڈیجیٹل انڈیا کے تحت سبھی آن لائن ہوہے ہیں لیکن اسکے باوجود علاقے میں کوئی بھی مواصلاتی نظام کام نہیں کررہاہے ،ہمیں یہاں آکر ایسا محسوس ہوتاہے کہ ہم آج بھی قدیم طرز کی پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبورہیں ،مرکزی سرکاری کے سبھی دعوے زمینی سطح پر مکمل طور کھوکھلے نظر آتے ہیں، ہماری ا علیٰ حکام سے اپیل ہے کہ علاقے میں سبھی طرح کی بنیادی سہولیات شروع کی جائیں تاکہ اس علاقے کے لوگ بھی ا ن سبھی خدمات کو حاصل کرسکیں اور مقامی لوگوں کو اسکا فائیدہ مل سکے۔