عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اننت ناگ ضلع میں بدھ کو دو منزلہ مکان سے گر کر ایک نوعمر طالب علم کی موت ہو گئی۔اورنہال، بجبہاڑہ میں16سالہ لڑکا2منزلہ مکان سے گر گیا اور اسے شدید چوٹیں آئیں۔اسے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بجبہاڑہ لے جایا گیا اور بعد میں اسے SKIMS سری نگر ریفر کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔متوفی کی شناخت عرفان احمد ولد گلزار احمدکے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔اس دوران سرینگر کے ایک نجی ہوٹل میں 83سالہ امریکی شہری بے ہوش ہونے کے بعد موت کی آغوش میں چلا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اینڈرسن جان ڈیوڈ ولد جان ڈیوڈ ساکنہ واشنگٹن ڈی سی، امریکہ نامی شہری سرینگر کی ڈل جھیل پر گھاٹ نمبر 13 پر واقع ہاؤس بوٹ میں قیام کے دوران صبح کے اوقات میں مبینہ طور پر بے ہوش ہوگیا۔حکام نے بتایا کہ اسے پارس اسپتال سونہ وار منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔ موت کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ادھر نوہٹہ سری نگر میں ایک 55 سالہ شخص کی لاش ملی۔حکام نے بتایا کہ بدھ کو سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں ایک55 سالہ شخص اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ متوفی کی شناخت شیخ کالونی کنی دیور کے رہائشی کے طور پر کی گئی ہے جس کی عمر تقریباً 55 سال ہے۔واقعے کے فوری بعد نوہٹہ سے پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی شروع کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی اپنے گھر میں لٹکا ہوا پایا گیا، پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔