محمد تسکین
بانہال// بانہال میں بدھ کے روز یوتھ کانگریس کے زیرِ اہتمام ایک کنونشن منعقد کیا گیا جس میں سابق رکن اسمبلی بانہال اور سابقہ وزیر مملکت وقار رسول وانی ، یوتھ کانگریس جموں و کشمیر کے انچارج و نیشنل جنرل سیکریٹری مان سنگھ راٹھور، جنرل سیکریٹری وشریک انچارج جموں و کشمیر ہرمیت کور برار سمیت بڑی تعداد میں یوتھ کانگریس کارکنان نے شرکت کی ۔ ان لیڈروں نے یوتھ کانگریس کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں سے کہا کہ وہ پارٹی کو مضبوط کیلئے کام کریں اور لوگوں کے ساتھ جڑتے رہیں۔ کنونشن کے بعد یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے قصبہ بانہال میں سابقہ جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا پتلا نذرِ آتش کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔اس موقع لیڈروں نے یوتھ کانگریس کو مضبوط بنانے اور لوگوں کے ساتھ کھڑا رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ یوتھ کانگریس لیڈر نعیم احمد ، یوتھ کانگریس لیڈر عماد وانی اور کانگریس جماعت کے لیڈر محمد اسحاق نائیک نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور عوام نیشنل کانفرنس کی وعدہ خلافی کی وجہ سے اس جماعت اور حکومت سے بے دل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بیروزگاری مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور مفت بجلی ، مفت راشن ، مفت ایل پی جی سلنڈروں اور ایک لاکھ نوکریوں کے وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر عوامی مسائل کا حل نکالے، بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرے اور انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔