بانہال //نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی۔ بی جے پی سرکار پر ریاست کے مفاد کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔ بانہال میں منعقدہ پارٹی کے یک روزہ ضلعی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ضلع رام بن کے صدر سجاد شاہین نے پی ڈی پی پر ووٹران کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ریاست کو غیر یقینی صورتحال میں دھکیل دیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں میں عدم تحفُظ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے سیاسی سرنڈر سے گورننس متاثر ہوئی ہے اور ترقی رُک گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دور اقتدار میں شروع کئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کو یا تو ترک کیا گیا ہے یا اُن پر کم توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے دور افتادہ علاقوں میںبنیادی خدمات کے فقدان سے لاگوں کو کافی پریشایاں ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں بجلی اور پانی کی سپلائی نہ کے برابر ہے اور راشن بھی نایاب ہے۔ضلع .میں ناقص ہیلتھ کئیر سہولیات کی شکایات کا ذکر کرتے ہوئے ا نہوں نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال، ایمرجنسی ہسپتال اُکھڑال اور ہیلتھ سنٹر رام سو، کھاری اور نیل کے ہسپتالوں میں ادویات کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ شاہین نے جاری موسم سرما میں مختلف اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی خصوصاً لگا تار شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔اس موقعہ پر کانگریس ،پی ڈی پی اور بی جے پی کے متعدد کارکنوں نے نیشنل کانفرس میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور پارٹی کے پروگراموں اور پالسیوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ۔شاہین و دیگر ضلعی عہدہ داروں نے ان کارکنوں کا پارٹی میں خیر مقدم کیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس سے پارٹی زمینی سطح پر مزید مستحکم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کارکنوں کے پارٹی میں شامل ہونے سے یہ عیاں ہے کہ لوگ حُکمران اتحاد سے تنگ آچکے ہیںکیونکہ سرکار ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ کنونشن میں بلاک اور حلقہ صدور نے بھی شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اُبھارے ۔