محمد تسکین
بانہال// بھارتیہ فوج کی طرف سے شہید کیپٹن اتل سومرا کی یاد میں سپورٹس سٹیڈیم بنکوٹ بانہال میں بدھ کے روز سے ایک کرکٹ کپ کا آغاز کیا گیا جس میں سب ڈویڑن بانہال اور رام بن کے دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر مہمان خصوصی کے طور مدعو تھے جبکہ فوج کے کمانڈنگ آفیسر وجے کمار ، ایس ڈی پی او بانہال منجیت سنگھ ، ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری ، بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر سید محمد اسماعیل ، ڈاکٹر بشیر احمد ڈار اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے فاروق احمد نائیک کے علاووہ فوج اور سول افسران بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ ایس ڈی ایم بانہال نے ربن کاٹ کر شہید کیپٹن اتل سومرا کرکٹ کپ 2024 کا رسم افتتاح کیا۔ اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں ضلع رام بن کے علاقوں کی 32 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور یہ ٹورنامنٹ ناک اوٹ کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے۔ پہلا میچ پھاگو واریرس اور ڈولیگام سٹرائیکرس کے درمیان کھیلا گیا۔ کیپٹن اتل سومرا سنہ 2002 میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں دن بھر جاری رہنے والے ایک جھڑپ میں شہید ہوئے تھے اور اس چھڑپ میں فوج نے تین دہشت گردوں کو بھی مار گرایا تھا۔ فوج پچھلے کئی سالوں سے اس کرکٹ کپ کا انعقاد کرتی آرہی ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں کھلاڑی اور تماشائی اس مقابلے میں شریک ہوتے ہیں۔ فوج کی طرف سے اس ٹورنامنٹ کا مقصد مقامی نوجوانوں کو کھیل کود کے شعبے کی طرف راغب کرکے ان کے اندر چھپے ہنر کو ابھارنا اور انہیں جسمانی طور تندرست رکھنا ہے۔ فوج مقامی لوگوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے اور مستقبل میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کے انعقاد کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ فوج کا تعاون جاری رہے گا ،جس سے خطے کے کھیلوں کے منظرنامے کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ اس موقع پر کئی کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ فوج کی 12 راشٹریہ رائفلز کی طرف سے منعقد کرائے جارہے شہید کیپٹن اتل سومرا کرکٹ کپ میں پچھلے کئی سالوں سے حصہ لے رہے ہیں اور فوج کیطرف سے ہمیشہ سے ہی کھیل کود ، پیشہ ورانہ تربیت ، ٹریکنگ ، میڈیکل کیمپ اور دیگر پروگراموں کے ذریعے بانہال کے لوگوں خاصکر نوجوانوں کی مدد کی
گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود کے مقابلوں سے نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے دور اور باز رکھنے میں مدد ملتی یے اور فوج کی طرف سے نوجوانوں کیلئے کئے جارہے اقدامات قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہید کیپٹن اتل سومرا کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس ٹورنامنٹ کے ذریعے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔