محمد تسکین
بانہال // بانہال کے لامبر علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک خانہ بدوش شخص زخمی ہوا ہے اور اسے شدید زخمی حالت میں سب ضلع ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔حکام نے ریچھ کے حملے میں زخمی ہوئے شخص کی شناخت محمد لطیف چوہان عمر 59 سال ولد عالم الدین چوہان ساکنہ ساکنہ نگروٹہ جموں حال لامبر بانہال کے طور کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد لطیف چوہان پچھلے ایک مہینے سے لامبر کے اوپری علاقے میں اپنے مال مویشی لیکر مقیم ہیں اور منگل کی صبح جب وہ لامبر گاوں کی طرف آرہا تھا کہ وہاں جھاڑیوں سے نمودار ہوا ایک ریچھ اس پر حملہ آور ہوا۔ انہوں نے کہا ریچھ کے چنگل میں پھنسے زخمی شخص کی چیخ و پکار سنکر مقامی لوگ متوجہ ہوئے اور بچاو کیلئے دوڑ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ریچھ زخمی شخص کو وہیں چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سر، بازو اور ٹانگ پر لگے زخموں کے ساتھ محمد لطیف چوہان کو بانہال ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اس کے بہتر علاج کیلئے اسے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا ہے۔