عظمیٰ نیوز سروس
بانڈی پورہ //بانڈی پورہ ضلع کے کئی بالائی علاقوں میں اتوار کو اچانک اور شدید ژالہ باری ہوئی، جس سے کھڑی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا اور کسانوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں آرین اور درد پورہ شامل ہیں، جہاں بھاری ژالہ باری سے زرعی زمین کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ طوفان مختصر مدت تک جاری رہا لیکن یہ اتنا طاقتور تھا کہ فصلوں اور باغات کو بری طرح متاثر کیا۔ آرین سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے کہا کہ چند منٹوں میں سب کچھ تباہ ہو گیا، ہماری فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ہمارے پاس کچھ نہیں بچا۔متاثرہ دیہات کے مکینوں نے انتظامیہ سے فوری طور پر نقصان کا تخمینہ لگانے اور کسانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان علاقوں میں بہت سے خاندان اپنی روزی روٹی کے لیے مکمل طور پر زراعت پر انحصار کرتے ہیں۔دریں اثنا، حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ مقامات کا دورہ کریں۔